راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ٹرانسپورٹ اڈے، میٹروبس سروس اور لوکل ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولت کے لیے اہم اعلان کیا ہے۔
راستوں اور اڈوں کی بندش کی وجہ سے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، ٹکٹ کے حصول کے لیے طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر ریلوے حکام نے ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسافروں کو سہولت دی جا سکے، ریلوے حکام کے مطابق ٹرینیں اپنے معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے لاہور جانے والی تمام ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگائی جائیں گی تاکہ مسافروں کو زیادہ گنجائش میسر آ سکے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ایکسپریس وے، فیض آباد اور آئی جے پی روڈ مکمل طور پر بند ہیں، جب کہ فیض آباد انٹرچینج کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، کھنہ پل، کری روڈ اور ڈھوک کالا خان کے راستے بھی تاحال بند ہیں۔
اسی طرح وارث خان، کمیٹی چوک، سکستھ روڈ، شمس آباد، راول روڈ، شاہین چوک، صدر اور پرانے ائیرپورٹ سے شہر میں داخل ہونے والے راستے بھی بند ہیں، راولپنڈی انتظامیہ نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں صورتحال کچھ بہتر ہوئی ہے، جہاں پولیس نے بتی چوک سے فیروزوالا تک بند راستوں کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے، راوی پل سے پہلے بتی چوک پر لگے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے ہیں، جب کہ شاہدرہ پل کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
وزیرآباد میں حالات مختلف ہیں، جہاں چناب ٹول پلازہ کو کنٹینرز رکھ کر مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، چناب پل پر بھی کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں اور پل کے اطراف خندقیں کھود دی گئی ہیں۔
ان بندشوں کے باعث روزمرہ کاروبار کے لیے نکلنے والے افراد اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔