وزیر ریلوے ٹرینوں کی تاخیر پر برہم، اوقات کار 10 دن میں معمول پر لانے کا الٹی میٹم

Published On 06 October,2025 04:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے متعدد ٹرینوں کی تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریلوے حکام کو ٹرینوں کے اوقات کار 10 دن میں معمول پر لانے کا الٹی میٹم دے دیا۔

وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا اجلاس میں ریلوے کے سینئر افسران نے آن لائن شرکت کی، وزیرِ ریلوے ٹرینوں کی تاخیر پر سخت نوٹس لیتے حکام پر شدید برہم ہوئے۔

وزیرِ ریلوے نے تمام ڈویژنز اور ہیڈکوارٹرز کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تاخیری نظام کی وجوہات دور کی جائیں۔

اجلاس میں حکام کی جانب سے وزیر ریلوے کو بتایا گیا کہ تاخیر کی بڑی وجوہات پاور پلانٹس کے لیٹ آنے اور تکنیکی خرابیاں تھیں۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ جدیدیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ساتھ ساتھ پنکچوئیلٹی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، مسافروں کو صاف ستھرے سٹیشنز اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ریلوے کے مسافر وقت پر اپنی منزل تک نہیں پہنچیں گے، محکمہ ریلوے مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکتا۔

وزیرِ ریلوے  پنکچوئیلٹی، سہولت اور شفافیت ریلوے کی نئی سمت  کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ساتھ ٹرینوں کی بروقت روانگی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔