کوٹری: فرید ایکسپریس ٹرین حادثہ کے بعد ٹریک بحال

Published On 24 September,2025 06:40 pm

حیدرآباد: (دنیا نیوز) کوٹری سٹیشن پر فرید ایکسپریس ٹرین حادثہ کے بعد ٹریک بحال کردیا گیا

ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ 9 گھنٹے بعد ٹریک بحال کر دیا اور تینوِں بوگیوں کو ٹریک پر چڑھاتے ہوئے یارڈ منتقل کر دیا گیا۔

خیال رہے آج صبح فرید ایکسپریس حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرین کوٹری سٹیشن کے قریب پہنچی اور اچانک تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ٹرین رک گئی، واقعے کے بعد ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

حادثہ کے نتیجے میں اگرچہ کسی جان کا نقصان نہیں ہوا، لیکن مسافروں کو گھنٹوں انتظار کی اذیت برداشت کرنا پڑی، کئی مسافر کراچی پہنچنے کے لیے متبادل سواری کی تلاش میں پریشان نظر آئے۔

دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ فرید ایکسپریس حادثہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثہ ٹریک کی خرابی یا مرمت کے ناقص انتظامات کے باعث پیش آیا، جلد ہی ایک مکمل رپورٹ تیار کر کے عوام کے سامنے لائی جائے گی۔