اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ریلوے اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے مابین تاریخی معاہدہ ہو گیا۔
پاکستان ریلویز کی آمدنی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، ریلوے کے حکام اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
مسافر اب اے ٹی ایم، موبائل ایپ، انٹرنیٹ بینکنگ، بینک برانچز، نادرا ای سہولت مراکز، ڈیبٹ کارڈ اور کیو آر کوڈ کے ذریعے آسانی سے ٹکٹ حاصل کر سکیں گے۔
اس نظام کے تحت سٹیٹ بینک اور ون لنک روزانہ تین مرتبہ براہِ راست رقم قومی خزانے میں منتقل کریں گے، ون لنک 40 بینکوں پر مشتمل کنسورشیم ہے جو ادائیگیوں کے نظام کو مربوط بنائے گا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان ریلوے کی تاریخ کا سنگِ میل اور وزیرِاعظم کے کیش لیس وژن کی حقیقی مثال ہے، یہ اقدام ریلوے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی سمت میں اہم پیش رفت ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ کیش لیس سسٹم سے ادائیگی کا عمل شفاف، مؤثر اور تیز تر ہو گا، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن، سٹیٹ بینک، ون لنک اور فِن نیٹ کے تعاون سے عوام کو جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل قدم ریلوے سروس کو شفاف، تیز اور صارف دوست بنانے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے، پاکستان ریلوے کی یہ نئی راہ عوام کے لیے بہتر اور آسان ٹکٹنگ کے تجربے کی ضمانت دیتی ہے۔