کراچی :(دنیا نیوز) گورنرسٹیٹ بینک جمیل احمد آج نئی مانیٹری پالیسی کااعلان کریں گے۔
سٹیٹ بینک رواں مالی سال کی تیسری نئی مانیٹری پالیسی کا اعلامیہ بھی جاری کرے گا ، مرکزی مالیاتی ادارہ شرح سود کم کرسکتا ہے یا نہیں ؟ اِس حوالے سے مالیاتی اداروں کا سروے سامنے آ گیا۔
سروے رپورٹ کے مطابق 85 فیصد شرکاء نے شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اشارہ دیدیا ، 68فیصد شرکاء نے رائے دی کہ دسمبر 25ء تک شرح سود کو 11 فیصد سے نہ بڑھایا جائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 46فیصد شرکا نے سروے میں یہ بھی کہا کہ جون 2026 تک پالیسی ریٹ کم ہوکر 10 فیصد تک آنے کی توقع ہے، 27فی صد افراد نے جون 26ءمیں پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ میں آنے کی اُمید کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب رپورٹ میں کہا گیا کہ مالیاتی سال 26ء میں اوسط مہنگائی کی شرح 6سے7 فیصدکے درمیان رہے گی، دسمبر 25ءتک روپیہ، ڈالر کے مقابلے میں 282 سے 285 روپے کے درمیان رہے گا جب کہ گورنر سٹیٹ بینک رواں مالیاتی سال کی چوتھی مانیٹری پالیسی کا اعلان 15 دسمبر کو کریں گے۔



