کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ستمبر میں کرنٹ اکاؤنٹ 11 کروڑ ڈالر سرپلس رہا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ستمبر میں ملکی درآمدات 5 اعشاریہ 02 ارب ڈالر اور برآمدات 2 اعشاریہ 63 ارب ڈالر رہی ہیں، ستمبر میں ملک کا تجارتی خسارہ 2 اعشاریہ 39 ارب ڈالر اور خدمات کا خسارہ 19 اعشاریہ 8 کروڑ ڈالر رہا ہے۔
ایس بی پی کے اعلامیے کے مطابق ستمبر میں تجارت، خدمات اور آمدن کا خسارہ 3 اعشاریہ 26 ارب ڈالر رہا ہے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ 59 اعشاریہ 4 کروڑ ڈالر خسارے میں رہا جبکہ اس دوران ملکی برآمدات 7 اعشاریہ 90 ارب ڈالر رہیں۔
اعلامیے کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران ملکی درآمدات 15 اعشاریہ 43 ارب ڈالر رہیں جبکہ تین ماہ میں تجارتی خسارہ 7 اعشاریہ 53 ارب ڈالر رہا، تین مہینوں میں تجارت، خدمات اور آمدن کا خسارہ 10 اعشاریہ 64 ارب ڈالر رہا، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی ورکرز ترسیلات 9 اعشاریہ 53 ارب ڈالر رہیں۔