لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے گنے کی کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف ایکشن پلان تیار کر لیا۔
کین کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ کرشنگ شروع نہ کرنے والی ملز کو دس لاکھ روپے یومیہ جرمانہ ہوگا، پنجاب کی 27 شوگر ملوں نے کرشنگ شروع کردی، باقی 14 ملوں کو چیک کر کے کارروائی شروع کریں گے۔
کمشنر نے بتایا کہ کرشنگ سیزن میں مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، مانیٹرنگ ٹیموں میں ضلعی افسران بھی شامل ہیں، کسانوں کو بروقت گنے کی ادائیگی بھی یقینی بنائیں گے۔
کین کمشنر پنجاب نے کہا کہ بازار میں نئی چینی آنے سے قیمت یقیناً کم ہو گی۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے شوگر ملز کو کرشنگ شروع کرنے کے لیے 15 نومبر تک ڈیڈ لائن دی تھی، واضح کیا گیا تھا کہ 15 نومبر کے بعد کرشنگ نہ کرنے والی ملز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں ترجمان پرائس کنٹرول کموڈٹیز مینجمنٹ پنجاب نے بتایا کہ مکہ، مدینہ، بابا فرید ، ہنزہ ، رمضان، نون، چنیوٹ، طارق کارپوریشن، صفینہ، ہنزہ جھنگ، کشمیر، لیہ، تاندلیاں والا،جوہر اباد، سیون سٹار شوگر ملز نے کرشنگ شروع کر دی۔
ترجمان نے بتایا کہ 11 شوگر ملیں رواں ہفتے کے دوران کرشنگ کا اغاز کریں گی، ڈی سی لیول پر کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، کمیٹیاں ہفتہ کی بنیاد پر ملوں کی کرشنگ رپورٹ محکمے کو فراہم کریں گی۔
پرائس کنٹرول کموڈٹیز مینجمنٹ پنجاب کے مطابق کرشنگ کے اغاز سے چینی قیمتیں مزید مستحکم ہوں گی، محکمہ پوری طرح کرشنگ سیزن کی نگرانی کر رہا ہے۔
ترجمان پرائس کنٹرول کموڈٹیز مینجمنٹ پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کی ادائیگی کے لئے بھی ضلعی لیول پر ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں۔



