سپریم کورٹ نے ایف بی آر کو ضبط شدہ گاڑیاں نیلام کرنے کی اجازت دے دی

Published On 27 November,2025 02:23 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے تاج محمد بنام کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ پشاور کے تاریخی مقدمے میں ایف بی آر کو ایک ہزار سے زائد ضبط شدہ گاڑیاں نیلام کرنے کی اجازت دے دی۔

سپریم کورٹ نے تاج محمد بنام کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ پشاور کے تاریخی مقدمے میں ایف بی آر کے حق میں فیصلہ سنایا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ضبطگی سے متعلق سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق اس فیصلے کے تحت سمگلنگ میں استعمال کی جانے والی گاڑی کو ضبط کرنے کی توثیق کی گئی ہے، یہ فیصلہ سمگلنگ کے خلاف کارروائی کیلئے پاکستان کسٹمز کو دستیاب قانونی فریم ورک کے ہاتھ واضح طور پر مضبوط کرتا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق پاکستان کسٹمز کے انفورسمنٹ اختیارات سے متعلق عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کا ایک عرصہ سے انتظار تھا، اس فیصلہ سے ملک گیر سطح پر انسداد سمگلنگ کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، ان گاڑیوں کی نیلامی سے 8 ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے، بروقت اور منصفانہ فیصلہ عادی سمگلروں کیلئے مؤثر رکاوٹ ثابت ہوگا۔