ایف بی آر کا جدید آڈٹ پروگرام: 70 لاکھ سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے اے آئی پراسس میں شامل

Published On 12 November,2025 10:04 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے دوران ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا اور جدید آڈٹ پروگرام شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق 70 لاکھ سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پراسس میں شامل کر دیئے گئے ہیں تاکہ کم ٹیکس ادا کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق واجب الادا رقم سے کم ٹیکس ادا کرنے یا گزشتہ سال کی ریٹرن کے مقابلے میں کم ٹیکس جمع کرانے والے ٹیکس نادہندگان کا آڈٹ کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے ایف بی آر نے مائیکرو سافٹ ایکسل کے جدید فلٹرز اور فارمولے استعمال کئے ہیں، جبکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے بھی آڈٹ میں مدد حاصل کی جائے گی۔

اس آڈٹ مہم میں ان لینڈ ریونیو کے 8 ہزار افسران اور تقریباً 4 ہزار آڈیٹرز حصہ لیں گے، آڈٹ تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں کمرشل اور انڈسٹریل سیکٹرز کے انکم ٹیکس گوشواروں کا آڈٹ ہوگا، دوسرے میں سنگل اونر کمپنیز سمیت دیگر رجسٹرڈ کمپنیوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ تیسرے مرحلے میں انفرادی شخصیات کے انکم ٹیکس گوشواروں کا آڈٹ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے یہ اقدام ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، محصولات میں اضافہ لانے اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔