ایف بی آر کے ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے والوں میں نمایاں اضافہ

Published On 31 October,2025 09:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے، 31 اکتوبر 2025 تک کل 59 لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے جا چکے ہیں ۔

ان میں سے 36 لاکھ ٹیکس دہندگان نے اپنے ریٹرنز کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی بھی کی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 18.6 فیصد اضافہ ہے، مزید یہ کہ انفرادی ٹیکس دہندگان کی جانب سے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 9 ارب روپے زیادہ ٹیکس ادا کیا گیا جو 60 ارب روپے سے بڑھ کر 69 ارب روپے ہو گیا جو کہ 15 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کی تعداد اور ٹیکس یہ اضافہ ایک جامع آگاہی مہم کا نتیجہ ہے جو وزیرِاعظم آفس، وزارتِ اطلاعات اور ایف بی آر کے اشتراک سے مؤثر طور پر چلائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کی کارروائی، ٹیکس چوری پرکروڑوں مالیت کا الیکٹرانکس سامان ضبط

اس مہم کے تحت شہریوں کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی اپنی قومی ذمہ داری یاد دلانے کے لیے ملک گیر سطح پر خودکار کالز اور واٹس ایپ پیغامات بھیجے گئے۔

مزید برآں، ایف بی آر نے تھرڈ پارٹی ڈیٹا کی بنیاد پر ٹیکس دہندگان کو مرحلہ وار آگاہی پیغامات بھیجے جن میں پہلے مرحلے میں تعریفی، دوسرے میں معلوماتی اور تیسرے میں تنبیہی پیغامات شامل تھے اور اس سلسلے میں تقریباً 8 لاکھ پیغامات ملک بھر میں بھیجے گئے۔

ان اقدامات کے ساتھ ساتھ تقریباً 70 ہزار ٹیکس دہندگان کو ٹارگٹڈ ای میلز بھی بھیجی گئیں جن میں ان کی آمدن کے موازنہ جاتی تخمینے دیے گئے تاکہ وہ درست اور بروقت ریٹرن جمع کرا سکیں۔ ٹیکس دہندگان کی جانب سے ان مشترکہ کوششوں پر مثبت ردِعمل ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تنخواہ دار طبقے نے پہلی سہ ماہی میں 130 ارب روپے ٹیکس ادا کردیا

ایف بی آر کے مطابق موجودہ اعداد و شمار آج شام 7 بجے تک کے ہیں، جبکہ توقع ہے کہ رات 12 بجے مقررہ وقت کے اختتام تک مزید ریٹرنز جمع ہونے سے اس تعداد میں اضافہ ہو گا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں کوئی عمومی توسیع نہیں کی گئی۔ تاہم، ایسے ٹیکس دہندگان جو حقیقی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ ایف بی آر کے IRIS نظام کے ذریعے متعلقہ فیلڈ فارمیشن سے رابطہ کر کے اپنے ریٹرن جمع کرانے میں توسیع کی درخواست کر سکتے ہیں۔