ازا خیل ڈرائی پورٹ پر کسٹمز لیبارٹری نے کام شروع کر دیا

Published On 09 October,2025 04:53 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق ازا خیل ڈرائی پورٹ پر کسٹمز لیبارٹری نے کام شروع کر دیا۔

ایف بی آر کے مطابق نئی کسٹمز لیبارٹری کپڑوں، پلاسٹک اور پلاسٹک کی مصنوعات، خوردنی اشیاء اور رنگوں کو جانچنے کے بنیادی آلات سے لیس ہے۔

اس سے پہلے ان اشیا کے نمونے جانچنے کے لئے کراچی، لاہور اور فیصل آباد کی لیبارٹریوں کو بھیجے جاتے تھے، اب تقریباً 80 فیصد نمونوں کی جانچ مقامی لیبارٹری میں ہی کی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق ازاخیل میں کسٹمز لیبارٹری کے قیام سے درآمد کنندگان کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے، درآمد کنندگان کی طرف سے لیبارٹری کے فعال ہونے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

صدر سرحد چیمبر آف کامرس جنید الطاف کا کہنا تھا کہ لیبارٹری کا قیام انتہائی خوش آئند اور لائق تحسین اقدام ہے۔

ایف بی آر کے مطابق کسٹمز لیبارٹری کی وجہ سے کلیئرنس جلد ہو سکے گی، لاگت میں کمی آئے گی اور ڈرائی پورٹ پر مال کے رکے رہنے کا دورانیہ کم ہوجائے گا۔

ایک جدید ترین لیبارٹری جلد ہی طورخم بارڈر سٹیشن پر بھی آئی ٹی ٹی ایم ایس منصوبے (ITTMS Project) کے تحت کام شروع کر دے گی۔