تھوک مارکیٹ میں کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

Published On 28 November,2025 02:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے جہاں روزمرہ استعمال کی چیزوں کو متاثر کیا ہے، وہیں کوکنگ آئل کی قیمتیں بھی ایک بار پھر بڑھا دی گئی ہیں۔

تھوک مارکیٹ میں 5 لٹر کے کوکنگ آئل ڈبے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اسی طرح 16 لٹر کے مختلف گریڈز کے کنستروں کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔

اول درجہ اور دوم درجہ کے 16 لٹر کنستروں کی قیمت میں 150 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، درجہ سوم کے کنستر کی قیمت 200 روپے بڑھ گئی ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد 5 لٹر کا ڈبا 2760 روپے سے بڑھ کر 2860 روپے کا ہو گیا ہے۔

اول درجہ 16 لٹر کنستر کی قیمت 8420 سے بڑھ کر 8570 روپے، دوم درجہ کی 8150 سے بڑھ کر 8300 روپے، جبکہ درجہ سوم کنستر کی قیمت 7800 سے بڑھ کر 8000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

کوکنگ آئل کی یہ مسلسل بڑھتی قیمتیں عوام کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن رہی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تھوک مارکیٹ کے بعد جلد ہی پرچون سطح پر بھی قیمتوں میں اضافہ نظر آئے گا۔