اسلام آباد: (دنیا نیوز) سرمایہ کاری، برآمدات اور نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں کمی ریکارڈ، وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لُک رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی کی شرح بڑھ کر 6.5 فیصد تک جا سکتی ہے، دسمبر میں مہنگائی 5.5 سے 6.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق نومبر 2025 میں ملک میں مہنگائی کی شرح 6.1 فیصد تھی، نومبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4.9 فیصد تھی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبر سرمایہ کاری 25.3 فیصد کمی سے 93 کروڑ ڈالر تک محدود ہے، پہلے پانچ ماہ میں برآمدات 3.2 فیصد کمی سے 12.8 ارب ڈالر رہی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ترسیلات زر 9.3 فیصد اضافے سے 16.14 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، درآمدات میں 11.1 فیصد اضافہ، حجم 25.6 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صنعتی گروتھ سے پاکستان کی معیشت کا مستقبل مثبت نظر آرہا ہے، ٹیکسٹائل، گاڑیوں، سیمنٹ اور فوڈ پروسسنگ کی صنعتوں میں بہتری ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق موجودہ سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مقررہ ہدف میں رہنے کا امکان ہے، پانچ ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو کر 81 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا۔
رپورٹ کے مطابق مالی نظم و ضبط سے معاشی استحکام مضبوط ہوا، بہتر گورننس اور ڈیجیٹل اصلاحات سے معاشی ترقی میں مدد ملی۔
وزارت خزانہ کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر معیشت کو سہارا دیں گی، حکومتی اخراجات میں کنٹرول، ٹیکس وصولی میں بہتری آئی۔



