پاکستان کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی، 60 رنز پر 6 آئوٹ

Published On 23 Oct 2013 01:33 PM 

پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، دبئی ٹیسٹ میں کھانے کے وقفے پر صرف 60 رنز پر اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

دبئی: (دنیا نیوز, ویب ڈیسک) دبئی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے خرم منظور اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا جب گزشتہ ٹیسٹ میچ میں سینچری سکور کرنے والے خرم منظور صفر پر سٹین کی گیند پر ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اظہر علی 19 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ انہیں مورکل نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ صرف 14 رنز کے اضافے کے بعد شان مسعود بھی 21 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اظہر علی اور شان مسعود نے دوسری وکٹ کی شراکت میں صرف 38 رنز بنائے۔ یونس خان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان مصباح الحق صرف 2 رنز بنا سکے۔ دبئی ٹیسٹ میچ میں کھانے کے وقفے پر پاکستان ٹیم کے 6 بیٹسمین صرف 60 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے عمران طاہر نے 3 ، ڈیل سٹین نے 2 جبکہ مورکل نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ہاشم آملہ اور روبن پیٹرس کی جگہ ڈین ایلگر اور عمران طاہر کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ابوظہبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ اس وقت پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔