تمام قومی کھلاڑی چوتھے میچ سے قبل بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شریک ہوں گی
ابوظہبی (دنیا نیوز ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جہاں قومی ٹیم میچ جیت کر سیریز جیتنے کے لیے پرعزم ہے ۔ قومی شاہین اور کیویز سیریز کے چوتھے مقابلے کے لیے ابوظہبی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے مدمقابل ہوں گے ۔ پاکستانی کھلاڑی سانحہ پشاور کے پیش نظر سیاہ پٹیاں باندھ کر سوگ منائیں گے ۔ جبکہ میچ سے پہلے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیارکی جائے گی ۔ سینئر بلے باز یونس خان کا کہنا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد کھلاڑیوں کا میچ کھیلنا بہت مشکل ہو گا ۔ مصباح الحق کے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے باعث آفریدی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ قومی ٹیم کے قائم مقام کپتان شاہد آفریدی پرامید ہیں کہ ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے سیریز اپنے نام کر لے گی تو دوسری جانب نیوزی لینڈ کے قائد کا کہنا ہے کہ کھلاڑی میچ جیت کر سیریز میں واپسی کے لیے پرعزم ہے ۔