لاہور (دنیا نیوز ) پی ایس ایل تھری کا آر یا پار کا میچ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا، لیگ ٹو کی فائنلسٹ ٹیمیں لاہور ہی کے میدان میں ایک بار پھر مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان سپر لیگ تھری کا پاکستان میں پہلا مقابلہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں شام سات بجے شروع ہو گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی میں جوڑ پڑے گا۔ جو جیتا وہ سکندر کے مصداق جیتنے والے کو پھر کھیلنے کا موقع ملے گا۔
دوسرے پلے آف میں کوالیفائر کراچی کنگز سے مقابلہ ہو گا۔ ہارنے والی ٹیم کی ایونٹ سے چھٹی ہو جائے گی۔ "آر یا پار" کے میچ میں خوب سنسنی ہو گی۔ سرفراز احمد کے سپر سٹار کھلاڑی پھر دھوکہ دے گئے، اجازت نہ ملنے کا بہانہ بنا کر اپنے اپنے وطن چل دیئے۔ پشاور زلمی کا پورا سکواڈ آج کا میچ کھیلے گا۔
ڈیرن سیمی کے سر سہرا سجے گا، کامران اکمل کا پھر سے بلا چلے گا، وہاب اور حسن علی کی بائولنگ کا بھی مخالفین پر پریشر رہے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ہی پی ایس ایل ٹو کی فائنلسٹ تھیں۔ یو اے ای کے میدانوں میں دونوں کا 2 بار میچ پڑا، دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ ہی جیتا۔