لاہور میں پہلے پی ایس ایل سے قبل بارش نے انٹری دے دی ہے، پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کا دوسرا میچ موسلا دھار بارش کے باعث غیر یقینی کا شکار ہوگیا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے بونداباندی کا شروع ہونے والا سلسلہ موسلا دھار بارش کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ لبرٹی، گلبرگ اور قذافی اسٹیڈیم سے ملحقہ علاقوں میں تیز بارش جاری ہے جس کے باعث آج پاکستان سپر لیگ کے ہونے والے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ کی صورتحال مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ بارش کی صورت میں بھی 5۔5 اوورز کا میچ ہوسکتا ہے جبکہ کل بھی بارش کی صورت میں اضافی دن کی تجویز زیر غور ہے۔ یاد رہے کہ آج میچ نہ ہونے کی صورت میں پشاور زلمی کوالیفائی کر جائے گی اور پشاور زلمی کا کل کراچی کنگز سے مقابلہ ہو گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق موسم آج ابرآلود جبکہ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ 24 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کے صرف 30 فیصد امکانات ہیں، بارشوں کا باعث مغربی ہواؤں کے باعث بننے والا نیا سسٹم بنا ہے۔