لاہور (دنیا نیوز ) کرکٹ کا کھیل ایسا ہے کہ اس میں کھلاڑی کبھی کبھی اپنے حوصلے سے دنیا کے نامور بلے بازوں اور بائولرز کے چھکے چھڑا دیتا ہے اور کبھی کبھی کسی نوآموز کھلاڑی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیتا ہے۔ ایسی ہی صورتحال کا سامنا قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر اور پی ایس ایل تھری میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی وہاب ریاض کو کرنا پڑا جب پریس کانفرنس کے دوران ان کی بیٹی نے ان پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔
وہاب ریاض پی ایس ایل کے اہم میچ میں سنسنی خیز کامیابی کے بعد اپنی بیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرنے کیلئے میڈیا کے سامنے پہنچے ۔ پریس کانفرنس کے دوران معصوم بچی کی شرارتیں جاری رہیں، کبھی وہ مائیک کو چھیڑنے کی کوشش کرتی تو کبھی گفتگو کے دوران بولنے لگتی۔
ایک دو بار وہاب ریاض نے اپنی بیٹی کو خاموش کرایا لیکن صورتحال اس وقت انتہائی دلچسپ ہوگئی جب وہاب ریاض نے اپنی بیٹی کے سامنے سے مائیک اٹھا کر ایک طرف رکھنا چاہا جس پر ان کی بیٹی نے انہیں ایک تھپڑ جڑ دیا۔ وہاب ریاض کے علاوہ میڈیا روم میں موجود کوئی بھی فرد اس صورتحال کیلئے تیار نہیں تھا۔ تاہم وہاب ریاض نے اس موقع پر مسکرانے پر ہی اکتفا کیا اور باقی کی پریس کانفرنس اسی افراتفری میں مکمل کر کے میڈیا سے رخصتی کی اجازت لی۔
ویڈیو دیکھیں