قومی کرکٹ ٹیم آج گوروں کے دیس روانہ ہوگی

Last Updated On 22 April,2018 01:09 pm

لاہور (دنیا نیوز )دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے قومی ٹیسٹ ٹیم کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں، ٹیم کی آج رات گوروں کے دیس روانگی ہوگی، کھلاڑی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف فتح کے لئے پرعزم ہیں۔

دورہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کیلئے شاہینوں نے کیمپ میں خوب پسینا بہایا، بیٹنگ کی خامیاں دور کرنے کیلئے بلے بازوں نے خوب جان لڑائی۔ بائولروں نے بھی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا، گرین شرٹس نے اپنی فٹنس پر بھی بھرپور کام کیا۔ دوران کیمپ موسم بھی مہربان رہا، ٹھنڈی اور تیز ہواؤں میں قومی سکواڈ نے لاہور میں انگلینڈ والی کنڈیشنز انجوائے کیں۔ پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ میں شامل فہیم اشرف کچھ کر دکھانے کو بے تاب ہیں۔ سولہ رکنی سکواڈ میں پانچ کھلاڑی فخر زمان، امام الحق، فہیم اشرف، سعد علی اور عثمان صلاح الدین ٹیسٹ ڈیبیو کے امیدوار ہیں۔

بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے بابر اعظم اپنے گیارہ میں سے ایک ٹیسٹ بھی انگلینڈ میں نہیں کھیلے۔ اسد شفیق کیرئیر کے اٹھاون میں سے چار ٹیسٹ انگلینڈ میں کھیلے، ،مڈل آرڈر بلے باز ایک سنچری، ایک ہی ففٹی سمیت دو سو چوہتر رنز بنا چکے ہیں۔ سرفراز الیون کا آئرش ٹیم سے واحد ٹیسٹ 11 مئی کو شیڈول ہے۔

انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز چوبیس مئی سے شروع ہوگی۔ ناتجربہ کار قومی ٹیم کو انگلینڈ کا تگڑا چیلنج بھی درپیش ہے۔ دورے کا نتیجہ کیا ہوگا یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز پاکستان کیلئے ہمیشہ سے مشکل رہی ہیں، تاہم ٹیم اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرے گی۔