کراچی ٹیسٹ میں ناکامی پر دوبارہ نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا تھا: سچن ٹنڈولکر

Last Updated On 13 May,2018 07:05 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) ماضی کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر نے اپنے کیرئر کی تلخ ابتدا بتا دی، کہتے ہیں کہ پاکستان کے طوفانی بولنگ اٹیک کے سامنے پہلی ٹیسٹ اننگز میں ناکامی پر فیصلہ کر لیا تھا کہ یہ ان کا آخری میچ ہے ۔

بھارتی سابق بلے باز سچن ٹنڈولکر نے ایک انٹرویو میں اپنے کرکٹ کیرئر کا اہم انکشاف کر دیا، کہا کہ کراچی ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو ان کی زندگی کی تلخ یاد ہے جہاں ایک طرف سے سوئنگ کِنگ وسیم اکرم اور دوسری جانب ابھرتے ہوئے نوجوان مگر تیکھے وقار یونس بولنگ کر رہے تھے، دونوں نے ریورس سوئنگ کے جال میں انہیں پھنسائے رکھا۔ اس پہلی اننگز کی ناکامی کے بعد جہاں انہوں سینئرز سے رہنمائی لی وہیں فیصلہ کر لیا کہ یہ ان کے کیرئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہے۔

سینئرز کی حوصلہ افزائی کام آئی اور دوسرے ہی ٹیسٹ میں انسٹھ رنز کی اننگز جڑ دی، اس کڑوے سچ کے بعد یہی سچن ٹنڈولکر دنیا کرکٹ کے کامیاب ترین بلے باز بنے۔