برمنگھم: (ویب ڈیسک) ویرات کوہلی کی شاندار سنچری نے بھارت کو بڑے خسارے سے بچالیا،انہوں نے انگلینڈ کے287 رنز کے جواب میں اپنی ٹیم کو اپنے 149رنز کی بدولت 274 تک پہنچا دیا، سام کیورن نے چار مہرے کھسکائے۔
ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش ٹیم پہلی اننگز میں اپنے سکور میں دو رنز کا اضافہ کر کے 287 رنز تک محدود رہی، روی چندرن ایشون چار اور محمد شامی تین وکٹیں لے سکے۔ مرلی وجے 20 اور شیکھر دھاون نے26 رنز بنا کر بھارت کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن سام کیورن نے نو رنز کے فرق سے تین وکٹیں گرا کر بھارتی ٹیم کو بیک فٹ پر پہنچادیا۔
کپتان ویرات کوہلی نے گرتی ہوئی وکٹوں کے باوجود 15رنز بنانے والے اجنکا رہانے اور 22 رنز سکور کرنیوالے ہردیک پانڈیا کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ایک موقع پر آٹھ وکٹیں 182رنز پر گر چکی تھیں۔ ویرات کوہلی نے اختتامی کھلاڑیوں کی رفاقت میں سکور کو 274 رنز تک پہنچا دیا اور بائیس چوکوں کے علاوہ ایک چھکے سمیت 149 رنز بنا کر گرنے والی آخری بھارتی وکٹ ثابت ہوئے۔
سام کیورن نے چار جبکہ جیمز اینڈرسن،بین سٹوکس اور عادل رشید نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 13 رنز کی معمولی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرتے ہی انگلش ٹیم الیسٹر کک سے محروم ہو گئی جو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے کیٹن جیننگز پانچ رنز پر کھیل رہے تھے اور ایک وکٹ پر 9 رنز بنانے والی ہوم ٹیم کو 22 رنز کی سبقت حاصل ہے ۔