ویمن ورلڈ ٹی 20: پاکستان نے آئرلینڈ کو ہرا کر پہلی فتح حاصل کر لی

Last Updated On 15 November,2018 09:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ویمن ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے ہرا کر ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی، کپتان جویریہ خان اچھی کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر جاری ویمن ٹی 20 ورلڈکپ میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف 139 رنز بنائے، کپتان جویریہ خان نے صرف 52 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ گرین شرٹس کی جانب سے عائشہ ظفر 21، عمائمہ سہیل 18 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئیں، آئرلینڈ کی جانب سے ریلے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

آئرش ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 101 رنز بنا سکی۔ جوائس 30 اور شی لنگٹن 27 رنز کیساتھ مزاحمت کر سکیں، نو آئرش بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکیں۔ پاکستان کی جانب ثنا میر، ایمن انور، ناشرہ سندھو اور عالیہ ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، ٹاپ سکورر جویریہ خان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا اور پھر روایتی حریف بھارت سے ہار کر واحد فتح سمیٹنے والی قومی ویمن آخری گروپ میچ 16 نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔