شاہد آفریدی پروفیشنل کرکٹ میں 900 میچ کھیلنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی

Last Updated On 17 January,2019 04:51 pm

ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے قبل ویسٹ انڈیز کے ڈواین براوو اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی پروفیشنل کرکٹ میں 900 میچ کھیلنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 38 سالہ شاہد آفریدی نے یہ اعزاز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران حاصل کیا۔ پاکستان کے سابق کپتان اب تک 900 میچوں میں 24.76 کی اوسط سے 20633 رن اسکورکرچکے ہیں، جن میں 21سنچریاں اور98 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

بولنگ کی بات کی جائے تو شاہد آفریدی کے نام 28.68کی اوسط سے 1088 شکار بھی درج ہیں۔ وہ اب تک پروفیشنل کرکٹ میں 800 سے زیادہ چھکے بھی لگا چکے ہیں۔ انہیں 21 مرتبہ میچ میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور316 کیچ بھی لے چکے ہیں۔

 اس سے قبل شاہد آفریدی ٹی-20 کرکٹ میں 4000 رن اور300 وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بنے تھے۔ 38سالہ شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش پریمیئرلیگ میں کومیلا وکٹورینزکی نمائندگی کرتے ہوئے سلہٹ سکسرز کے خلاف یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ آفریدی اب تک 286 ٹی -20 میچوں میں 18.78 کی اوسط سے4057 رن اسکور کرچکے ہیں جن میں ایک سنچری اور9 نصف سنچریاں شامل ہیں، آل راؤنڈراب تک 21.99 کی اوسط سے 312 وکٹیں بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

 آفریدی سے قبل ویسٹ انڈیز کے ڈواین براوواور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بھی یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔ شاہد آفریدی اب تک 286 ٹی -20 میچوں میں33مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں، جو اس فارمیٹ کے دیگر آل راؤنڈرزسے زیادہ ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نمبرسابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈوین براوو کا ہے، جنہوں نے 421 میچوں میں 30 مرتبہ  مین دی آف میچ  کاایوارڈ جیتا۔ ایک اورویسٹ انڈین آل راؤنڈر کیرون پولارڈ اب تک435 میچوں میں27 مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی رہ چکے ہیں۔

سابق آسٹریلیائی آل راؤنڈر شین واٹسن اب تک279میچوں میں28مرتبہ  مین آف دی میچ  کا ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ بنگلہ دیشی آل راؤنڈرشکیب الحسن اب تک281 میچوں میں 22مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی بن چکے ہیں