نئی دہلی: (دنیا نیوز) چھوٹے شہروں، قصبوں سے آنے والے کرکٹر آخر فراٹے دارانگریزی کیسے بول لیتے ہیں؟ ٹی وی سکرین پر دیکھیں تو یہ بات حیران کر دیتی ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم سے وابستہ افراد انگریزی زبان کو درست تلفظ اور روانی سے بول لیتے ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں آدھے سے زیادہ کھلاڑی چھوٹے قصبوں یا شہروں اور معمولی بیک گراونڈ سے آتے ہیں۔ وہ عام طور پر ایسے گھروں کے ہوتے ہیں جس میں انگریزی بولنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انگریزی بولنا ان کی سب سے بڑی کمزوری ہوتی ہے لیکن ٹیم میں آتے ہی وہ فراٹے دار انگریزی بولنے لگتے ہیں۔
کیا آپ نے سوچا کبھی کہ آخر ایسا کیسے ہو جاتا ہے؟
اس کا راز یہ ہے کہ بی سی سی آئی کرکٹرز کو انگلش لینگویج سکھانے کیلئے گزشتہ کچھ سالوں سے اس پر خاص دھیان دیتا رہا ہے۔
بی سی سی آئی ایسے تمام کرکٹروں کے لیے پرسنالٹی ڈیولپمنٹ اور انگلش اسپیکنگ کے سیشن منعقد کرتا ہے جن کی انگریزی زبان پر ددسترس کم ہو، کھلاڑیوں کو دوروں میں بھی کوچ دستیاب کرائے جاتے ہیں جبکہ ساتھ ہی فون کے ذریعہ بھی انگلش اسپیکنگ بہتر بنانے میں مدد کی جاتی ہے۔