لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن میدان آج لگے گا جو قائم مقام کپتان شعیب ملک کے لیے کڑا امتحان ثابت ہو گا۔ شاہینوں نے اونچی اڑان بھرنے کی تیاری کر لی، میزبان پروٹیز نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے ٹرافی پر نظریں جما لیں۔
کیپ ٹاؤن کے میدان میں جنوبی افریقہ اور پاکستان آج پھر مدمقابل ہوں گے، پانچویں ون ڈے یعنی ٹائٹل مقابلے کا کڑا امتحان ہے جس میں سہ پہر چار بجے پروٹیز اور شاہین آمنے سامنے آئیں گے۔
متبادل کپتان شعیب ملک جان لڑائیں گے، انھیں امام، فخر اور بابر پر مان ہے جبکہ شاہین، شاداب اور عثمان پروٹیز کیلئے خطرے کا نشان ہوں گے۔ سیریز کے آر یا پار میچ کیلئے شاہینوں نے تیاریاں مکمل اور پلان فائنل کر لیے۔ کوچز کی زیر نگرانی بولنگ، بیٹنگ اورفیلڈنگ سمیت فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی۔
دوسری جانب میزبان پروٹیز نے بھی آستینیں چڑھا لیں اور وہ کہتے ہیں کہ ہر خامی اور ناکامی بھلا کر اِن ایکشن ہوں گے۔