جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مستقل کپتان سرفراز احمد 4 میچوں کی پابندی کے باعث ٹیم میں شامل نہیں تھے اور ان کی غیرموجودگی میں کپتانی کے فرائض شعیب ملک نے انجام دیئے، جس کا ان کو فائدہ مل گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان شعیب ملک پاکستان کے کامیاب ترین ون ڈے کپتان بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چوتھے ایک روزہ میچ میں ٹیم کے مستقل کپتان سرفرازاحمد 4 میچوں کی پابندی کے باعث شامل نہیں تھے اوران کی غیرموجودگی میں کپتانی کے فرائض شعیب ملک نے انجام دیئے۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کو چوتھے ون ڈے میں باآسانی 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، جس کے ساتھ شعیب ملک پاکستان کے کامیاب ترین ون ڈے کپتان بن گئے۔ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے اب تک 37 ون ڈے میچوں میں 25 میں کامیابی حاصل کی اور ان کی جیت کا اوسط 67.56 فیصد رہا ہے، جو 30 سے زیادہ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنے والے تمام قائدین سے زیادہ ہے۔
اس فہرست میں دوسرا نمبرسلیم ملک کا ہے جن کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 34 میں سے 21 میچ جیتے تھے اوران کی کامیابیوں کا تناسب64.70 فیصد رہا۔ سرفرازاحمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 35 میں سے 21 میچ جیتے۔ ان کی جیت کا تناسب 61.76 فیصد رہا۔ وقار یونس کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 62 میں سے37 مقابلے جیتے۔ ان کی کامیابیوں کا اوسط 61.66 فیصد رہا۔ وسیم اکرم کی قیادت میں پاکستان نے 109میں سے66 مقابلوں میں کامیابی اپنے نام کی۔ ان کی جیت کا تناسب61.46 فیصد رہا۔