ٹیسٹ کرکٹر عثمان صلاح الدین کی تقریب ولیمہ

Last Updated On 28 January,2019 05:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیسٹ کرکٹر عثمان صلاح الدین کی شادی چند روز پہلے کراچی میں سر انجام پائی تھی۔ گذشتہ روز لاہور میں قومی کھلاڑی کی ولیمہ کی تقریب ہوئی۔

عثمان صلاح الدین اپنی نئی زندگی کی اننگز شروع ہونے پر خوش تھے۔سابق کپتان سلمان بٹ، کامران اکمل سمیت رشتہ دار اور کرکٹ آرگنائزر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مقامی فارم ہاوؤس میں ولیمے کی تقریب میں دولہا عثمان صلاح الدین نے بلیو رنگ کا ٹو پیس جبکہ دلہن صبا نے گرے رنگ کا عروسی جوڑا ملبوس کر رکھا تھا۔لان کے ایک حصے میں عثمان صلاح الدین کی سرفراز احمد، یونس خان سمیت ساتھی کرکٹرز اور ایوارڈز پر مشتمل تصاویر کی گیلریز بھی بنائی گئی تھی۔

عثمان صلاح الدین نے امید ظاہر کی ہے کہ شادی ان کے لئے خوش بختی کی علامت ثابت ہوگی اور وہ کرکٹ کے عالمی میدانوں میں پہلے سے بھی زیادہ عمدہ کارکردگی دکھا کر ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔

عثمان صلاح الدین کے کرکٹ کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے پاکستان کی قومی ٹیم کیلئے تو کچھ زیادہ میچز نہیں کھیلے ہیں ، مگر فرسٹ کلاس کے وہ کافی میچ کھیل چکے ہیں ۔ عثمان نے جون 2018 میں ہیڈنگلے لیڈز پر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور یہی ان کا واحد ٹیسٹ میچ ہے ۔

علاوہ ازیں عثمان نے دو یک روزہ میچ بھی کھیلے ہیں ، جس میں انہوں نے 13 رن بنائے ہیں ۔ تاہم فرسٹ کلاس میں ان کے نام 108 میچز ہیں ۔ انہوں نے 47.56 کی اوسط سے 6992 رن بنائے ہیں ۔ وہ فرسٹ کلاس میں 22 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں بناچکے ہیں ۔

عثمان کی ان کی اہلیہ سے ملاقات ایک طیارہ میں ہوئی تھی ۔ عثمان کے مطابق گزشتہ سال کراچی سے لاہور کی جانب سفر کر رہا تھا۔ جہاز میں ساتھ بیٹھی لڑکی سے بات چیت ہوئی اور ہم بہت اچھے دوست بن گئے ۔ دونوں نے ایک دوسرے کو پسند کیا اور جلد انہوں نے صبا کے گھر باقاعدہ رشتہ بھیجا اور ان کے والدین نے رشتہ قبول کرلیا۔