کمنٹیٹر رمیز راجہ نے منفی جملے کا ترجمہ نہ کرنے کی وجہ بتا دی

Last Updated On 27 January,2019 12:25 pm

جوہانسبرگ: (روزنامہ دنیا) سابق قومی کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے اس بات کی وضاحت کر دی کہ انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے اینڈائیل فیلکواؤ کیخلاف منفی جملے کا ترجمہ کیوں نہیں کیا تھا۔

 واضح رہے کہ ڈربن میں دوسرے ون ڈے کے دوران سرفراز احمد نے اینڈائیل فیلکواؤ کے دو مرتبہ آؤٹ ہونے سے بچ جانے پر کہا تھا کہ ’’ابے کالے، تیری امی کہاں بیٹھی ہیں، کیا پڑھوا کے آیا ہے آج‘‘۔ سٹمپ مائیک پر سنے جانے والے اس جملے کے بعد کمنٹیٹر مائیک ہیزمین نے رمیز راجہ سے دریافت کیا کہ سرفراز احمد نے کیا کہا ہے جس پر رمیز راجہ نے جواب دیا کہ کافی طویل جملہ ہے جس کا ترجمہ ممکن نہیں۔

جب رمیز راجہ سے بعد میں دریافت کیا گیا کہ انہوں نے اس جملے کا ترجمہ کیوں نہیں کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ سٹمپ مائیک پر پکڑے جانے والے کسی بھی منفی جملے یا نسلی امتیاز پر مبنی فقرے کا ترجمہ کرنے لگیں تو یہ ان کی جانب سے انتہائی بھونڈی اور نامناسب بات ہو گی لہٰذا انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فیصلہ کر چکے ہیں کہ کمنٹری کے دوران آئندہ اردو کے کسی بھی جملے کا انگریزی میں ترجمہ نہیں کریں گے۔