جنوبی افریقن کپتان فاف ڈو پلیسز نے قومی کپتان کو معاف کر دیا

Last Updated On 24 January,2019 10:50 pm

جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) نسلی امتیاز کے معاملے پر سرفراز کی آدھی مشکل آسان ہو گئی، جنوبی افریقن قائد فاف ڈو پلیسز نے قومی کپتان کو معاف کر دیا،آئی سی سی کیا فیصلہ سنائے گی، سبھی کو اس کاانتظار ہے۔

جنوبی افریقن ٹیم کا بڑا پن، میچ کے دوران فیلکوایو کو کالا کہنے پر کپتان سرفراز احمد کو معاف کر دیا۔ پروٹیز قائد فاف ڈو پلیسز کا کہنا ہے کہ لگتا ہے سرفراز کا ارادہ برا نہیں تھا، اور وہ اپنے کئے پر شرمندہ بھی ہیں۔

دوسرے ون ڈے میں کپتان سرفراز کے منہ سے ادا "کالا" کے لفظ نے دنیائے کرکٹ میں ہلچل مچا دی تھی اور شائقین بھی سرفراز سے خفا ہو گئے تھے۔ انہیں آئی سی سی میں بھی جوابدہی کا سامنا ہے۔

کھیل کی عالمی باڈی سرفراز احمد کو کیا سزا سنائے گی۔ سبھی نے آئی سی سی پر نظریں جما لیں۔

نسلی امتیاز کے قوانین کےمطابق سرفراز کو جرمانے سمیت ایک سے تین میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔