کراچی: پی ایس ایل میچز کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل

Last Updated On 24 January,2019 12:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کرکٹ ٹیم کے دورہ اور پی ایس ایل فور فائنل سمیت سات میچز کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی ہو گی۔ تزئین و آرائش کے دوسرے مرحلے سے گزرنے والے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری کام 28 فروری تک مکمل کرلیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے تحت ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ اور پی ایس ایل فور فائنل سمیت 7 میچز کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تزئین و آرائش کے دوسرے مرحلے سے گزرنے والے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری کام 28 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد اگلے روز اسٹیڈیم یکم مارچ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل تھری کے میچز کی طرز پر بھر پور سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ فول پروف سیکیورٹی کا اہتمام کیا جائے گا۔ غیرملکی کرکٹرز سمیت کھلاڑیوں، آفیشلز اور تماشائیوں کو بھر پور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، اجلاس میں پاکستان ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ سیریز کے میچز کے حوالے سے سیکیورٹی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

طے پایا کہ ساوتھ اینڈ کلب پر شیڈول 3 ٹوئنٹی میچز کے لیے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے جائیںگے، ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم 26 جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔ 31 جنوری کو پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا جبکہ یکم فروری کو دوسرا اور 3 فروری کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ طے ہے جبکہ پی ایس ایل فو فائنل سمیت 5 میچز 7 تا 17 مارچ نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔

اجلاس میں رینجرز، پولیس، ٹریفک پولیس، اے ایس ایف، حساس اداروں کے نمائندوں، کمشنر کراچی، ڈائریکٹر سیکیورٹی پی سی بی کرنل (ر) آصف اور نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان نے شرکت کی۔