پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کی جانب سے ایک بڑا اعلان سامنے آیا ہے۔ اعلان کے مطابق گلوبل زلمی لیگ کا تیسرا ایڈیشن مارچ میں پاکستان میں منعقد ہوگا جس میں 16ممالک سے زلمی کلبز کی ٹیمیں ان ایکشن ہو گی۔
پشاور زلمی کے پلیٹ فارم سے ہونے والے گلوبل زلمی لیگ کا تیسرا ایڈیشن رواں سال مارچ میں اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ دنیا کے 16 ممالک سے ٹیمیں کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں گی۔
زلمی پلئیرز ڈیولمپنٹ پروگرام کے تحت گلوبل زلمی لیگ سے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔ گلوبل زلمی لیگ کا تیسرا ایڈیشن 21 مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہو گا جس کا فائنل 31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سب سے پہلے اور اہم کردار پشاور زلمی نے ادا کیا تھا جب پی ایس ایل ٹو کا فائنل کھیلنے کے لیے پشاور زلمی کی پوری ٹیم لاہور آئی تھی، ہمیں خوشی ہے کہ اس بڑے قدم کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بتدریج جاری ہے اور پی ایس ایل کے آٹھ میچز ہونے کے بعد گلوبل زلمی لیگ کے انعقاد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور ملک کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پشاورزلمی کے دنیا کے 25 سے زائد ممالک میں رجسٹرڈ فینز کلبز قائم ہے اور دنیا کے سولہ ممالک سے زلمی کلبز کی ٹیموں کی آمد سے جہاں پاکستان کے مثبت امیج کو دنیا بھر جائیگا وہیں ساتھ ہی نوجوان کرکٹرز کو پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کا بہترین تجربہ حاصل ہو گا۔