زندگی اور موت کی جنگ لڑتے بھارتی کرکٹر کی مدد کیلئے فریاد

Last Updated On 21 January,2019 06:45 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) سابق ہندوستانی کرکٹر جیکب مارٹن کی حالت انتہائی نازک ہے اور وہ بھارتی شہر وڈودرہ کے ایک ہسپتال میں داخل ہیں۔ مارٹن کے علاج میں ہر روز 70 ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں اور اب اہل خانہ کو ان کے علاج کیلئے پیسوں کی سخت ضرورت ہے۔ جس کیلئے انہوں نے بی سی سی آئی سے مدد کی اپیل کی ہے۔

چھالیس سالہ مارٹن ہندوستان کیلئے 10 ون ڈے کھیل چکے ہیں۔ 28 دسمبر کو اسکوٹر پر جاتے ہوئے وہ حادثے کا شکار ہو گئے تھے، جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ حادثہ میں ان کے جگر اور پھیپھڑوں میں چوٹ لگی تھی اور تبھی سے وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔

مارٹن کی اہلیہ نے حال ہی میں بی سی سی آئی سے مدد کی فریاد کی ہے تاکہ ان کے علاج کا خرچ اٹھایا جا سکے۔

مارٹن کا خاندان انکے علاج پر پانچ لاکھ روپے خرچ کر چکا ہے اور اس کے بعد بی سی سی آئی نے بینیوولینٹ اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپے مزید دئیے۔ تاہم مزید پیسوں کی ضرورت ہے۔

سابق بی سی سی آئی کھلاڑی اور وڈودرا کرکٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری سنجے پٹیل نے بتایا کہ جیسے ہی مجھے حادثہ کے بارے میں معلوم ہوا، میں نے جیکب کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی ، میں نے کچھ لوگوں سے بات چیت کی ، جن میں بڑودہ کے مہاراج سمرجیت سنگھ گائیکواڑ نے ایک لاکھ روپے عطیہ کئے۔ اس کے علاوہ پانچ لاکھ روپے اضافی اکٹھا کئے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال کا بل پہلے سے ہی گیارہ لاکھ کے پار جا چکا ہے، یہاں تک کہ ایک مرتبہ اسپتال نے دوائیں مہیا کرانی بھی بند کر دی تھیں۔