کھلنا: ( آن لائن ) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے بھی بنگلا دیش پریمیئر لیگ(بی پی ایل ) کے لئے کمر کس لی ہے۔
32سالہ قومی لیگ سپنر نے سلہٹ میں اپنی ٹیم کھلنا ٹائٹنز کو جوائن کرنے کے بعد باقاعدہ پریکٹس کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ یاسر شاہ جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ایک روزہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں تاہم انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے دو میچز میں گرین کیپس کی نمائندگی کی تھی اور پاکستان کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ان ٹیسٹ میچز میں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کھلنا ٹائٹنز کی ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کی شمولیت سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ یاسر شاہ نے گزشتہ برس بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکہ ڈائنا مائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے8 میچز میں 9 شکار کیے تھے اور ان کا اکانومی ریٹ محض 5.35رنز فی اوور رہا تھا، وہ اب تک 96 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 28.48 کی اوسط سے 83 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شعیب ملک، محمد حفیظ ،شاہد خان آفریدی، جنید خان، محمد سمیع، محمد عرفان، عامر یامین، وہاب ریاض اورسہیل تنویر بھی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔