لاہور: (ویب ڈیسک) یہ بات سچ ہے کہ ہرڈیک پانڈیا نے سوشل میڈیا کا استعمال بند کردیا ہے۔ انہوں نے ہندوؤں کا مذہبی تہوار مکرسکرانتی بھی نہیں منایا۔ ہرڈیک پانڈیا کا خاندان گجرات کے بڑودہ سے تعلق رکھتا ہے اور گجرات میں اس تہوار کی کافی اہمیت ہے۔
کافی ود کرن شو میں خواتین کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے بعد ہرڈیک پانڈیا کو نہ صرف آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے ہٹا دیا گیا ، بلکہ نیوزی لینڈ کے دورہ سے بھی پتہ صاف ہو گیا جبکہ ایسا ہی کچھ نوجوان بلے باز کے ایل راہل کے ساتھ بھی ہوا، جو کہ س شو میں پانڈیا کے ساتھ موجود تھے۔ حالانکہ بی سی سی آئی کے نوٹس کے بعد دونوں نے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔
کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن ( سی او اے ) نے ان دونوں پر دو میچوں کی پابندی عائد کرنے کی سفارش کی تھی ، لیکن بی سی سی آئی نے فی الحال ان کی سزا کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔
جہاں تنازع کے بعد کئی اشتہارات نے پانڈیا سے ہاتھ کھینچ لیا تو ممبئی کے کھار جم خانہ کلب نے بھی ان کی اعزازی رکنیت ختم کردی ہے۔ جبکہ اس تنازع میں ایک اور نیا موڑ آگیا ہے ۔ پانڈیا کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ ( ہرڈیک) حالیہ تنازع کے بعد گھر سے باہر نہیں نکل رہا ہے اور نہ ہی کسی کا فون اٹھا رہا ہے ۔
پانڈیا نے سوشل میڈیا کا استعمال کرنا بھی بند کردیا ہے۔ انہوں نے تہوار مکرسکرانتی بھی نہیں منایا ۔ یاد رہے کہ پانڈیا کا خاندان گجرات کے بڑودہ سے تعلق رکھتا ہے اور گجرات میں اس تہوار کی کافی اہمیت ہے ۔
ہرڈیک کے والد ہمانشو نے انگریزی اخبار مڈ ڈے سے کہا کہ یہ تہوار ہے، گجرات میں عوامی تعطیل رہتی ہے، لیکن پانڈیا پتنگ نہیں اڑا رہا ہے، اس کو پتنگ اڑانا پسند ہے لیکن اس کو کرکٹ کی مصروفیات کی وجہ سے گھر پر رہنے کا موقع نہیں ملا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ وہ گھر پر ہے اور اس کے پاس پتنگ اڑانے کا موقع ہے، لیکن عجیب صورتحال کی وجہ سے وہ تہوار منانے کے موڈ میں نہیں ہے۔
ہمانشو نے کہا کہ وہ پابندی سے کافی مایوس ہے اور ٹی وی پر اس نے جو کہا اس پر وہ شرمندہ بھی ہے۔ اس نے ایسا دوبارہ نہ کرنے کی قسم کھائی ہے۔ جبکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس مسئلہ پر اس سے بات نہیں کریں گے۔ ہرڈیک پانڈیا کے بڑے بھائی کرونال پانڈیا نے بھی اس پر بات نہیں کی ہے۔ ہم بی سی سی آئی کے فیصلہ کا انتظار کررہے ہیں۔
بھارتی ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہردیک پانڈیا اور لوکیش راہول نے خواتین کے خلاف نازیبا کلمات ادا کیے۔دونوں کے متنازع انٹرویو پر سوشل میڈیا اور بھارتی تنظیموں کی جانب سے سخت تنقید کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہوش آیا تو کھلاڑیوں کو معطل کیا گیا۔پانڈیا اور راہول نے سب سے معافی بھی مانگی لیکن وہ کام نہ آسکی اور ان کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کو اب دورہ آسٹریلیا سے واپس بلا لیا گیا ہے جس کے بعد ویرات کوہلی الیون کو پانڈیا اور راہول کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو 2 ون ڈے میچز کیلئے معطل کیا گیا ہے اور شوکاز جاری کرکے انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔
بھارتی کرکٹرز کے متنازع بیانات پر کپتان ویرات کوہلی نے بھی تنقید کی ہے۔ ویرات کوہلی نے کہا کہ پانڈیا اور راہول نے خواتین سے متعلق نامناسب باتیں کہیں،بھارتی کرکٹ ٹیم اس طرح کی باتوں کی حمایت نہیں کرتی۔ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو بھی بتادیا کہ ٹیم ایسی بات کوسپورٹ نہیں کرسکتی۔
واضح رہے کہ بالی وڈ کے ہدایت کار کرن جوہر کا شو ’کافی ود کرن‘ ایک متنازع ترین شو ہے جس میں شوبز و معروف شخصیات سے ان کی ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی سے متعلق چبھتے ہوئے سوالات کیے جاتے ہیں۔
اسی شو سے کئی بار بالی وڈ میں بھی بھونچال آیا ہے جس میں بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کرن جوہر پر اقربا پروری کا الزام عائد کیے جانے کے بعد ایک نہ ختم ہونے والی بحث بھی شامل ہے۔