میلبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز بھی گنوا دی، بھارت نے تیسرا ایک روزہ میچ 7 وکٹوں سے جیت کر سیریز دو ایک سے اپنےنام کی، دھونی نے تینوں میچز میں نصف سنچریاں اسکور کیں اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔
ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اور میچ فنیشر مہندر سنگھ دھونی اور کیدارجادھو کی بہترین نصف سنچریوں کی بدولت ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا میں تاریخ رقم کر دی۔ ہندوستان نے آسٹریلیا میں پہلی بار سیریز جیتنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔
ٹیم انڈیا نے تیسرے فیصلہ کن میچ میں 7 وکٹوں سے شاندار جیت حاصل کی۔ تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے 231 رنز کے ہدف کو ٹیم انڈیا نے 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس میچ کے ہیرو گیند باز یجویندر چہل رہے۔ انہوں نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ مہندرسنگھ دھونی نے ناٹ آوٹ87 رن سکور کیے جبکہ کیدار جادھو نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹیم انڈیا کی جیت میں کپتان ویراٹ کوہلی کا بھی تعاون رہا۔ انہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارتی کپتان 46 رن بنا کر رچرڈسن کی گیند پر کیچ آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کو ٹیم انڈیا نے 230 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔ آسٹریلوی ٹیم 49 ویں اوورمیں 230 رنز پر آل آوٹ ہوگئی، ٹیم انڈیا کو231 رنوں کا ہدف ملا۔ ٹیم انڈیا کی طرف سے یجویندرچہل نے شاندار گیند بازی کی اور 6 وکٹ حاصل کر کے آسٹریلیا کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔
آسٹریلیا کی طرف سے ہینڈ کامب نے نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شان مارش 39 رن، عثمان خواجہ نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ میکسویل 26 رنز ہی بنا سکے۔ ٹیم انڈیا کی طرف سے یجویندر چہل نے 6 وکٹ حاصل کئے جبکہ محمد شمی اور بھونیشور کمار نے دو، دو وکٹ حاصل کئے۔ بھارت نے ٹیسٹ سیریز میں بھی کینگروز کو دو، ایک سے شکست دے تھی۔