لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے کل کھیلا جائے گا، ایک دوسرے کو پچھاڑنے کے لئے دونوں ٹیموں کی تیاریاں جاری ہیں، سرفراز الیون وائٹ واش کا بدلہ وائٹ گیند سے چکانے کیلئے پرعزم ہے۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد اب ون ڈے سیریز کا امتحان، جنوبی افریقہ اور ٹیم پاکستان کل سے مدمقابل ہوں گے۔ پورٹ الزبتھ میں میدان سجےگا، سرفراز الیون ٹیسٹ سیریز کی وائٹ واش کا بدلہ چکانے کیلئے پرعزم ہے۔ ون ڈے فارمیٹ کے لئے شاہینوں کی تیاریاں جاری ہیں۔
ون ڈے سپیشلسٹ محمدحفیظ، شعیب ملک، عثمان شنواری اور عماد وسیم کچھ کردکھانے کو بے تاب ہیں۔ پروٹیز بھی خوب پریکٹس کر رہے ہیں اور جیت کی حکمت عملی بنا لی ہے۔ میزبان ٹیم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے دو ون ڈے کیلئے ڈیل سٹین اور کوئنٹن ڈی کاک کو ڈراپ کر دیا ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں تباہی مچانے والے اولیوئیر قومی ٹیم کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری ہے۔ تہتر ایک روز میچوں میں سے سینتالیس جیتے جبکہ پچیس میں گرین شرٹس نے کامیابی سمیٹی۔