لاہور: (دنیا نیوز) سابق کرکٹرز نے سرفراز پر پابندی کو درست قرار دیدیا، کہتے ہیں بحیثیت کپتان سرفراز کو ایسا نہیں کرنا چایئے تھا، پی سی بی کا بھی فرض ہے وہ کھلاڑیوں کو آئی سی سی رولز کے بارے میں بتائے۔
نسل پرستانہ جملہ کسنے پر آئی سی سی کی سرفراز احمد پر چار میچوں کی پابندی پر سابق کھلاڑیوں کا ردعمل سامنے آ گیا۔ سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر نے کہا سرفراز ایک فائٹر کھلاڑی ہے، اس نے جو حرکت کی وہ غلط تھی، پی سی بی کا بھی فرض ہے وہ کھلاڑیوں کو آئی سی سی رولز کے بارے میں بتائے۔
سابق کرکٹر شعیب محمد نے کہا سرفراز پر پابند ی بالکل درست ہے، انہوں نے معافی مانگی اس لئے سزا کم ہوئی۔ سابق کرکٹر آصف اقبال نے اپنے ردعمل میں کہا آئی سی سی کا نسلی تعصب پر مبنی جملوں پر ایک کوڈ آف کنڈکٹ ہے جو پہلے نہیں تھا۔ سابق کرکٹر نے قومی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا وہ آئندہ میچ کے دوران اس قسم کے الفاظ استعمال نہ کریں۔