نسل پرستانہ رویئے پر زیرو ٹالرنس پالیسی، آئی سی سی کا ٹویٹ

Last Updated On 27 January,2019 02:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈ سن نے کہا ہے کہ سرفراز احمد نے غلطی کا اعتراف کر کے معافی مانگی اس لئے کم سزا دی گئی، سابق پاکستانی کپتان کو نسل پرستی کے خلاف تعلیمی پروگرام میں بھی شرکت کرنا ہو گی۔

ڈیوڈ رچرڈسن نے اپنی ٹویٹ میں سرفراز احمد کو سنائی جانے والی سزا پر موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے رویے پر آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل)  زیرو ٹالیرنس  کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، سرفراز احمد نے اپنے ایکشن پر سب کے سامنے معافی مانگی، سزا کے تعین میں سرفراز کا اعتراف مدنظر رکھا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق سرفراز احمد کے خلاف متعصبانہ جملوں پر کارروائی کی گئی ہے اور جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کپتان کو انسداد نسل پرستی ایکٹ کے آرٹیکل 7.3 کے تحت سزا دی گئی۔

آئی سی سی کی جانب سے سنائی گئی سزا میں سرفراز کیلئے نسل پرستی کے خلاف تعلیمی پروگرام میں شرکت بھی لازم قرار دی گئی ہے۔ تعلیمی پروگرام کے تعین کے حوالے سے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی باہمی مشاورت جلد ہو گی۔