شارجہ: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے اپنے اوپنرز کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت لاہور قلندرز کو جیتنے کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا تھا۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے دونوں اوپنرز نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروک کھیلے اور ابتدائی اوورز میں 11 رنز کی اوسط سے سکور کیا۔
جیمز ونس اور عمر صدیق کی شاندار بلے بازی کے سامنے لاہور قلندرز کے بولرز بے بس نظر آئے۔ ان دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں اور ان کے درمیان 135 رنز کی شراکت ہوئی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز وینس 84 اور عمر صدیق 53 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور سہیل اختر میدان میں اترے۔ فخر زمان نے شاندار بلے باز کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو جیت کیلئے اچھا پلیٹ فارم دیا۔
کپتان اے بی ڈی ویلیرز نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے علاوہ ڈی وائز نے بھی جارحانہ بلے بازی کر کے شائقین کرکٹ کے دل جیتے انہوں نے صرف 20 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔