پی ایس یل: ملتان سلطانز کا پشاور زلمی کو 146 رنز کا ہدف

Last Updated On 24 February,2019 06:30 pm

شارجہ: (دنیا نیوز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جانسن چارلس نے 34 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسن علی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شارجہ میں جاری پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 146 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمر صادق 20، جانسن چارلس 53 اور کپتان شعیب ملک 22 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے انتہائی اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر باؤلرز میں سمین گل، وہاب ریاض، عمید آصف اور ڈاؤسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

خیال رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ ملتان سلطانز دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے اب تک چار میچ کھیلے ہیں جن میں اسے اسلام آباد یونائیٹڈ سے کامیابی ہوئی جبکہ لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔