آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز، قومی ٹیم آج متحدہ عرب امارات پہنچے گی

Last Updated On 19 March,2019 12:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے شعیب ملک کی قیادت میں قومی ٹیم آج متحدہ عرب امارات پہنچ جائے گی۔

پی ایس ایل کے بعد اب انٹرنیشنل کرکٹ کا میلہ، اب شاہینوں کا مقابلہ ان کینگروز سے ہے جو بھارتی سورماؤں کو ان کے ہی دیس ہرا کر آئے ہیں، آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے قومی ٹیم آج یو اے ای پہنچ جائے گی۔ قومی سولہ رکنی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ سرفراز احمد کو آرام دیا گیا۔ پاک آسٹریلیا سیریز میں قیادت شعیب ملک کو سونپی گئی ہے۔

امام الحق، عابد علی اور فہیم اشرف رات کو ہی دبئی پہنچ چکے، محمد عامر اور نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین آج دوپہر کراچی سے روانہ ہوں گے۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑی ملک کی مختلف پروازوں سے آج رات تک دبئی پہنچ جائیں گے۔ قائم مقام کپتان شعیب ملک دبئی میں ہی ٹیم کو جوائن کریں گے، سیریز کا افتتاحی مقابلہ بائیس مارچ کو شارجہ میں شیڈول ہے، اکتیس مارچ کو سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے دبئی میں کھیلا جائے گا۔