تاریخ پیدائش پرنٹنگ کی خرابی، شاہد آفریدی نے کتاب میں غلطی تسلیم کر لی

Last Updated On 06 May,2019 03:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میں اتنا بوڑھا نہیں، تاریخ پیدائش 1977 کے بجائے 1975 پرنٹنگ کی غلطی ہے، بوم بوم آفریدی نے آپ بیتی میں عمرکی غلطی کو تسلیم کرلیا۔ کراچی میں سابق کپتان کی کتاب "گیم چینجر " کی تقریب رونمائی ہوئی، لالہ کو ایک نظر دیکھنے مداحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔

لالہ کو بھی عمر کی فکر، میں اتنا بوڑھا نہیں، تاریخ پیدائش انیس سو ستترکے بجائے انیس سو پچہتر پرنٹنگ کی غلطی ہے۔ "گیم چینجر" کی تقریب رونمائی میں شاہد آفریدی نے عمر کے حوالے سے غلطی تسلیم کرلی، وزیراعظم عمران خان کو امید قرار دے دیا، کتاب میں گوتھم گھمبیر کا بھی ذکر کر دیا۔

انکشافات، تنازعات اور واقعات سے بھری شاہد آفریدی کی کتاب گیم چینجر کی کراچی میں رونمائی ہوئی، شہرت کی بلندی کو چھونے والی آپ بیتی میں عمرکی غلطی کو شاہد آفریدی نے تسلیم کرلیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ہماری امید ہیں، وہ اپنے قریب یس سر کرنے والے لوگوں کے بجائے غلطیاں بتانے والے رکھیں، شاہد آفریدی بھارتی کرکٹر گوتھم گھمبیر کا ذکر کرنا بھی نہ بھولے۔

بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے مینجمنٹ کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا، وقار یونس کی بہت عزت کرتا ہوں، اگر کسی پر تنقید کی ہے تو اسکی تعریفیں بھی کی ہیں۔ اس موقع پر شاہد آفریدی کو دیکھنے کے لئے انکے مداحوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔