لیِڈز: (دنیا نیوز) انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے شہر لیڈز میں جاری پانچ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان پر کلین سویپ کے سائے مزید گہرے ہو گئے ہیں کیونکہ میزبان ٹیم نے اس میچ میں بھی پاکستان کو جیت کیلئے بڑا ہدف دیدیا ہے۔
آخری معرکے میں کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا۔ این مورگن اور جوئے روٹ اپنی ٹیم کی جانب سے رنز بنانے میں نمایاں رہے۔ مورگن نے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 76 جبکہ روٹ نے 9 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں جے ایم وینس 33، بیئرسٹو 32، بٹلر 34، اور بی اے سٹوکس 21 جبکہ ٹی کے کورن 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی مہنگے ترین باؤلرز ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 82 رنز دیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ عماد وسیم نے 53 رنز دے کر 3 جبکہ حسن علی نے 70 رنز دے کر ایک اور محمد حسنین نے 8 اوورز میں 67 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔