انسداد دہشتگردی عدالت کی سابق سینیٹر احمد علی کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت

Last Updated On 20 May,2019 01:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں خدمت خلق فاونڈیشن منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق سینیٹراحمد علی کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 جولائی تک ملتوی کر دی۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں خدمت خلق فاونڈیشن منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے حکام اور سابق سینیٹر ایم کیو ایم احمد علی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے احمد علی کو علاج کروانے کیلئے 45 دن کی رعایت دیتے ہوئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے احمد علی کو 20 لاکھ شورٹی رقم جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ سے متعلق 13 سوالنامے تیار کئے ہیں۔ احمد علی سے سوالنامے کے جوابات درکار ہیں۔ عدالت نے احمد علی کو آئندہ سماعت پر سوالنامے کے جوابات دینے کا حکم دیا۔

مقدمے میں بانی ایم کیو ایم سابق سینیٹر بابر غوری و دیگر مفرور ہیں۔ عدالت نے بانی ایم کیو ایم، بابر غوری و دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ ایف ائی اے نے 2017 میں کے کے ایف کے ذریعے ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف 5 لاکھ پاونڈ کی منی لانڈرنگ پر تحقیقات شروع کی تھی۔