شہر کی ابتر صورتحال، میئر کراچی نے وزیراعلیٰ کو خط لکھ دیا

Last Updated On 17 May,2019 05:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مئیر کراچی وسیم اختر نے وزیراعلیٰ سندھ کو واٹر بورڈ کی غفلت، سیوریج کے ناقص نظام اور صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے خط لکھ دیا جس میں واٹر بورڈ کو گنجان آبادیوں اور اولڈ سٹی ایریا پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

خط میں میئر کراچی وسیم اختر نے لکھا کہ ناقص سیوریج نظام اور واٹر بورڈ کی غفلت مون سون میں شہریوں کو خطر ناک صورتحال کا سامنا ہوگا۔ شہریوں کو تباہی سے بچانے کے لئے واٹر بورڈ کو فوری اقدامات کی ہدایت کی جائے۔ نالے سیوریج نالوں کے طور پر استعمال ہونے سے ان میں برساتی پانی کی نکاسی کی گنجائش نہیں رہی۔

میئر کراچی کی جانب سے خط میں لکھا گیا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈی ایم سیز ہر سال نالوں کی صفائی پر کثیر رقم خرچ کرتی ہے، اس کے باوجود حقائق یہی ہیں کہ سیوریج چوک اور مین ہول کے ڈھکن غائب ہیں۔ گنجان آبادیوں اور اولڈ سٹی ایریا پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔