پشاور: (دنیا نیوز) پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کا احتجاج چھٹے روز میں داخل ہوگیا، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے علاوہ تمام ہسپتالوں میں او پی ڈیز بند ہیں، مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پشاور میں صوبائی وزیر صحت اور ڈاکٹروں کے درمیان تنازعہ حل نہ ہوسکا، صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کا او پی ڈیز، آپریشن اور وارڈز سے بائیکاٹ جاری ہے، ڈاکٹروں کی ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی ہے، ڈاکٹروں کی جانب سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں دو دنوں کے لیے او پی ڈی کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر سروسز فراہم نہیں کی جا رہی۔
ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث دور دراز کے علاقوں سے آنے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مایوس ہوکر گھروں کو واپس لوٹ رہے ہیں۔ ڈاکٹرز کونسل اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے درمیان معاملات سے متعلق کل مذاکرات متوقع ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، مذاکراتی عمل میں وزیرِ صحت کی شرکت برداشت نہیں کرینگے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔