کرپٹ ٹولے کے اکٹھے ہونے پر حیرت نہیں، آج افطار ڈنر پر حکومتی ردعمل

Last Updated On 19 May,2019 11:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن جماعتوں کی بیٹھک پر حکومتی ردعمل آ گیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں ایک دوسرے پر الزامات لگانے والے کرپٹ ٹولے کے اکٹھے ہونے پر حیرت نہیں۔ فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ آج افطار پر صرف اپنی بیرون ملک دولت کو ٹھکانے لگانے کیلئے آ رہے ہیں۔ صمصام بخاری نے کہا آج اپوزیشن کی افطاری کرپشن بچاو افطاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بلاول اور مریم ملاقات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ماضی میں ایک دوسرے پر الزامات لگانے والے کرپٹ ٹولے کے اکٹھے ہونے پر حیرت نہیں، سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ‏ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا اپوزیشن جماعتیں آج افطار پر صرف اپنی بیرون ملک دولت کو ٹھکانے لگانے اور اسے تحفظ دینے کی ترکیب سوچیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سیاسی بہروپیوں کیلئے عوام سے زیادہ کاروباری مفادات مقدم ہیں، عوام اب ان بہروپیوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آج اپوزیشن کی افطاری کرپشن بچاو افطاری ہے۔ صمصام بخاری نے کہا حکومت اور نیب کا کوئی گٹھ جوڑ نہیں ،عوام کو بجٹ میں ریلیف دیں گے۔