اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے ملک میں بجلی سے چلنے والی کاریں متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرک کار منصوبے سے متعلق بڑا اجلاس آج طلب کر لیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر الیکٹرک کاروں پر پالیسی فریم ورک رواں ماہ میں تیار کرنے پر مشاورت ہوگی، صوبائی اور وفاقی حکام کا مشترک اجلاس کچھ ہی دیر میں وزیر اعظم آفس میں شروع ہوگا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرا اعلی، وزیرا عظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کو بلا لیا۔ اجلاس میں مشیر موسمیاتی تبدیلی، وزیر توانائی، وزیر پلاننگ، مشیر خزانہ و کامرس اور حکام شریک ہوں گے۔
الیکٹرک کاروں کی درآمدی ڈیوٹی صفر کرنے اور مراعات دینے پر غور ہوگا، اجلاس میں وزیر اعظم کو بلین ٹری سونامی منصوبہ کی رپورٹس پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں پنجاب میں سموگ کا خاتمہ یقینی بنانے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نئی گرین اکانومی کا نقشہ پیش کریں گے۔
بجلی سے چلنے والی کاروں کے یونٹ کے پاکستان میں تنصیب، مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا، سال 2022 تک متعدد کا ساز کمپنیاں الیکٹرک کاروں کی تیاری بڑھا دیں گے۔