اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت پوسٹل کے ملک بھر میں قائم ریسٹ ہاوسز کو عوام کیلے کھول دیا گیا، سیرو تفریح کے دوران نجی ہوٹلز کو مہنگے کرائے کی ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی، وفاقی وزیر مراد سعید کی ہدایت پر با ظابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
ملک بھر میں سیاحت کے شوقین افراد کے لئے اچھی خبر، شہری تفریحی مقامات کی سیر کے دوران سرکاری ریسٹ ہاوسز میں قیام کر سکیں گے، مسافر حضرات کو بھی سفر کے دوران مہنگے ہوٹلز میں قیام کرنے کی ضرورت نہیں، انتہائی کم معاوضے پر خوبصورت اور دلکش ریسٹ ہاوسز میں رہا جا سکے گا۔
مراد سعید کی ہدایت پر کراچی سے مری تک تمام ریسٹ ہاوسز کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا، مری، ایوبیہ، گلیات، سوات، گلگت اور مظفر آباد کی حسین وادیوں میں قائم ریسٹ ہاوسز میں قیام کیا جاسکے گا۔ لاہور، کراچی پشاور اور کوئٹہ میں بھی سرکاری قیام گاہوں کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی۔ شہری کم سے کم 1200 اور زیادہ سے زیادہ 3000 روپے میں قیام کر سکیں گے۔
فیصلہ ملکی وسائل کے بہتر استعمال اور عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا، اقدام سے حکومتی آمدن میں اضافہ اور عوام کے اخراجات میں کمی ممکن ہو سکے گی۔