ورلڈکپ: دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے افغانستان کو شکست دیدی

Last Updated On 03 June,2019 03:11 pm

برسٹل: (دنیا نیوز) دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے افغانستان کو ورلڈکپ میچ میں شکست دیدی۔ افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 207 رنز بنائے۔ نجیب اللہ زردان 51 رنز کیساتھ نمایاں رہے، رحمت شاہ نے 43 کی اننگز کھیلی۔ کینگروز کی طرف سے کمنز اور زمپا نے 3.3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ہدف کے تعاقب میں کینگروز نے میچ بآسانی جیت لیا۔ کپتان ارون فنچ 66 سکور پر آئوٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر نے 89 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ گلبدین ، مجیب الرحمن اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کےلئے لنک کو کلک کریں

افغانستان کی اننگز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنیوالی افغان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا۔ اوپنر محمد شہزاد پہلے ہی اوور میں فاسٹ باؤلر مچل سٹارک کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے۔

دوسری وکٹ 5 سکور پر گری، جب حضرت اللہ زازائی بھی صفر پر کمنز کی گیند پر وکٹ کیپر کیری کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے دو گیندوں کا سامنا کیا۔ ون ڈائون بیٹسمین رحمت شاہ نے بیٹنگ کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم دیگر بیٹسمین ان کےساتھ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے۔

افغانستان کی تیسری وکٹ 56 سکور پر گری جب حشمت اللہ شہیدی 18 رنز بنا کر سپنر زمپا کی گیند کا نشانہ بن گئے انہوں نے اپنی اننگز میں 3 چوکے لگائے۔ چوتھی وکٹ رحمت شاہ کی گری جو 43 سکور پر زمپا کو وکٹ دے بیٹھے۔

پانچواں نقصان 77 پر ہوا جب آل رائونڈر محمد نبی 7 رنز پر سمتھ کی تھرو پر رن آئوٹ ہو گئے۔ افغانستان نے چھٹی وکٹ 160 پر گنوائی جب گلبدین نائب 31 رنز پر سٹونز کا شکار بن گئے۔

ساتویں وکٹ گرنے سے قبل نجیب اللہ زردان نے جارحانہ باری کھیلی، انہوں نے 49 گیندوں پر 51 رنز بنائے اس باری میں انہوں نے 7 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ دولت زردان آئوٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی تھے جو فاسٹ باؤلر کمنز کی گیند پر پویلین لوٹے۔ انہوں نے 4 سکور بنائے۔

راشد خان نے 11 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 2 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ دیگر بیٹسمین میں مجیب الرحمن 13 رنز پر آئوٹ ہو گئے۔ حامد حسن 1 رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ افغانستان کی ٹیم 207 پر آئوٹ ہوئی۔ کینگروز کی طرف سے زمپا اور کمنز نے 3.3 وکٹیں حاصل کیں، سٹونز نے دو جبکہ مچل سٹارک نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

آسٹریلیا کی اننگز۔۔۔۔۔

کینگروز کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان ارون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا۔ دونوں نے پر اعتماد آغاز فراہم کیا اور گراؤنڈ میں چاروں طرف شارٹس کھیلے۔ آسٹریلیا کو پہلا نقصان ارون فنچ کا اٹھانا پڑا، کپتان نے 6 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 66 سکور کی باری کھیلی۔

ون ڈائون پر آنے والے بیٹسمین عثمان خواجہ زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ ہو سکے اور 20 گیندوں پر 15 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس دوران ڈیوڈ وارنر نے سابق کپتان ڈیوڈ سمتھ کیساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔

بال ٹمپرنگ میں باہر ہونے والے دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو با آسانی فتح دلوائی۔ سابق کپتان سٹیو سمتھ 18 رنز بنا سکے۔ آسٹریلیا نے ہدف 36 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ورا کر لیا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 89 رنز، گلین میکسویل نے 4 سکور بنائے۔ افغانستان کی طرف سے راشد خان، مجیب الرحمن اور گلبدین نائب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈیوڈ وارنر کو شاندار باری کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔